بھٹکل:27؍مارچ (ایس اؤ نیوز)الایمان اسپورٹس سنٹر بھٹکل کے زیراہتمام 25مارچ 2021بروز جمعرات بعدنماز عصر و بعد نماز عشاء دو نشستوں میں بھٹکل تا منکی کے منتخب اسپورٹس سنٹروں کے مابین ایک ’’عظیم الشان ،بہتر نظم ونسق اور نورِ ایمانی سے پرنور نعتیہ مسابقہ کا کامیاب انعقاد ہوا۔
علیا گروپ(16سے 20برس کی عمر والے ) میں حنیف ویلفئیر اسوسی ایشن کے محمد طریف ابن منیر ابوحسینا نے اول انعام حاصل کرتےہوئے 10ہزاررپئے مع سند ۔ مریم علی یوتھ اسوسی ایشن کے عبداللہ ابن مولانا فضل الرحمن برماور اور شاہین اسپورٹس سنٹر مخدوم کالونی کے نصیر ابن نعیم طاہر باپو نے مشترکہ طورپر دوم انعام حاصل کیاتو دونوں کو 8-8ہزارروپئے مع سند اور وائی ایم ایس اے کے عبداللہ عتبان ابن محمد عارف شریف کو سوم انعام کے طورپر 6ہزارروپئے نوازے گئے۔
جب کہ سفلیٰ گروپ(11سے 15برس کی عمر والے) میں الایمان اسپورٹس سنٹر کے رائد ابن محمد راشد قاضی کو 10ہزارروپئے مع سند کے ساتھ اول انعام ۔ سوپر اسٹار کے مسیب ابن مظہر انور محتشم کو 8ہزارروپئے مع سند دوسرا انعام اور روئیل اسپورٹس سنٹر کے ہدایت اللہ ابن انصار ائیکری کو 6ہزارروپئے مع سند تیسرا انعام حاصل کئے۔
مقابلے میں بھٹکل سے منکی تک کے کل 27ٹیموں نے حصہ لیا۔ مسابقے میں شریک ہوئے ہرایک مساہم کو انعام سے نوازا گیا ۔ مسابقے کی خصوصیت یہ رہی کہ مسابقے سے ایک مہینہ پہلے سے ہی نعت خوانی ، دھن وغیرہ کی تیاری جاری تھی۔ مسابقے میں ہرایک مساہم نے الگ الگ نعت پڑھی اور تعجب کہ دھن کی تکراربھی نہیں ہوئی۔ پڑھی گئیں سبھی نعتوں کا مجموعہ شائع کرتے ہوئے حاضرین میں تقسیم کیاگیا ۔ اس سلسلےمیں بھٹکل کے ادبی خوش نوایان ِکا ادارہ ’’کہکشاں ‘‘ کے روحِ رواں مولانا سمعان خلیفہ ندوی کی نگرانی و سرپرستی کے ساتھ مساہمین کی حوصلہ افزائی کرنے میں بھی قابل قدر کاوش شامل رہی۔
مسابقے میں حیدرآباد کے سلطان نواز جنگ مسجد کے امام و خطیب اور استاد حدیث مولانا سید احمد ومیض نے مہمان خصوصی کے طورپر شرکت کرتےہوئے پرمغز خطاب کیا۔ انہوں نے ایک غیر مسلم شاعر کی نعت کے چند اشعار بھی پیش کئے۔ مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی ، جماعت المسلمین کے نائب قاضی مولانا عبد الرب خطیب ندوی، جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے مہتمم مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی ، مولانا ابوالحسن علی ندوی اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس جاکٹی ندوی ،جامع مسجد بھٹکل کے امام و خطیب مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے مہمان کی حیثیت سے اظہارخیال کیا۔ جلسے میں الایمان اسپورٹس سنٹر اور الایمان مسجد کی بے لوث خدمات کرنے والوں کی شال پوشی کرتےہوئے تہنیت کی گئی ۔